کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے کہا ہے کہ بلدیہ جنوبی کا نظام تباہی سے دوچار ہے،400سینیٹری ورکرز مسلمان بھرتی کئے گئے جو کام نہیں کرتے ۔ آوارہ کتوں کی بھر مار ہےاور کتےمار دوا کی رقم خوردبرد کر لی جاتی ہے۔لیاری میں صرف 216سینیٹری ورکرز ہیں جو ناکافی ہیں۔ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اور انتظامیہ کی لڑائی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندے مسائل حل کرنے کی بجائے کمیشن مافیا بن گئے ہیں۔ اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود مکینوں کو صفائی جیسی بنیادی سہولت بھی میسر نہیں ہے ۔صرف طفل تسلیاں دیتے ہوئے3 سال گذار دیئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک لیاری میں 800سینیٹری ورکر نہیں ہونگے صفائی کا نظام بہتر نہیں ہو سکتا ،سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اور بلدیہ انتظامیہ معاہدے پر عملدرآمد ممکن بنائے ۔انہوں نے کہا کہ سگ گزیدگی کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کیخلاف کوئی مہم نہیں چلائی جا رہی۔ کتے مار دوا کا بجٹ کو ہڑپ کر لیا جاتا ہے ۔صوبائی حکومت صفائی ستھرائی کے تباہ حال نظام کافوری نوٹس لے اور کتا مار مہم کے علاوہ شہریوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنائے۔