عوامی کالونی تھانے کے مخبر گروہ چوری-منشیات فروشی میں ملوث نکلے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) عوامی کالونی تھانے کی حدود کورنگی نمبر 5میں چوری کی وارداتیں بڑھ گئیں، جے ایریا اور جے ون ایریا کے رہائشی قیمتی اشیا سے محروم ہونے لگے، پولیس مخبری کے نام پر چوری میں ملوث افراد مقامی نوجوانوں کو منشیات کی لت میں ڈال رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی نمبر5میں جے ایر یا ،جے ون ایریا ،ڈبل روم اور کے ایریا کے مکین8ماہ سے مسلسل چوری کی وارداتوں کے باعث اذیت کا شکار ہیں اور لوگ قیمتی چیزیں چوری ہونے کے باوجود پولیس کے پاس نہیں جا رہے ہیں، مذکورہ علاقوں میں ایک درجن کارندے رات میں2 گروپوں میں تقسیم ہوکر چوریاں کرتے ہیں اور پولیس کیلئے مخبری بھی کرتے ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق زیادہ تر وارداتوں میں جنریٹر، پانی کی موٹریں، گاڑیوں کے ٹائر، بیٹریاں اور تعمیراتی کاموں کا سریا غائب کیا گیا، جسے فروخت کر کے اسی پیسے سے ہیروئن اور چرس خرید کر نوجوانوں کو نشے کی لت لگائی جا رہی ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق پولیس مخبر گروپ کے کارندوں کو دن بھر اپنے کام کیلئے استعمال کرتی ہے۔ انہوں نے رینجرز اور پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چوری میں ملوث کارندوں اور انہیں تحفظ فراہم دینےاہلکاروں و افسران کیخلاف کارروائی کی جائے تاکہ شہری اذیت سے نجات پاسکیں۔

Comments (0)
Add Comment