اسلام آباد(نمائندہ امت)وزارت مذہبی امور اور سعودی محکمہ حج میں مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ رواں سال پاکستان کےحج کوٹہ میں 5 ہزارافرادکااضافہ کردیا گیا۔ 2019 میں ایک لاکھ84 ہزاردوسودس (184210)افرادحج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔رواں سال میں 35 ہزارسندھی عازمین حج بغیر امیگریشن سعودی عرب جائیں گےجبکہ تمام حاجی ای ویزہ سسٹم کے تحت سعودی عرب جائیں گے۔روڈٹو مکہ پراجیکٹ میں پاکستانی حجاج کومرحلہ وار شامل کرنےکافیصلہ کیاگیاہے،وزیرمذہبی امورنورالحق قادری اورسعودی وزیر حج کے درمیان معاہدے پر دستخط کر دیئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق اس سال سعودی عرب نے پاکستان کو 5 ہزار افراد کا کوٹہ بڑھا دیا ہے ۔ ہرسال پونے 2 لاکھ کے قریب پاکستان فریضہ حج کی ادائیگی کو جاتے ہیں تاہم ایک بڑی تعداد ہرسال اس مذہبی فریضے سے محروم رہ جاتی ہے جس کی بنیادی وجہ پاکستان کے لیے مختص حج کوٹہ ہے۔ہر سال لاکھوں پاکستانی حج کے لیے درخواستیں جمع کرواتے ہیں تاہم قرعہ اندازی کے بعد ان خوش نصیبوں کو چنا جاتا ہے جو حج کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔اس باعث ہر سال ہزاروں خواہشمند افراد ، خواہش اور وسائل کےہوتےہوئےبھی حج پرنہیں جاپاتے۔اس حوالےسے بتایا گیا ہےکہ وزارت مذہبی اموراورسعودی وزارت حج میں مذاکرات کامیاب ہو نے کے بعد حج کوٹہ میں 5 ہزار افراد کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔جس کے بعد 2019 میں 184210افراد حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے جبکہ مزید 20 ہزار کا کوٹہ بڑھانے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے سعودی وزیر حج و عمرہ شاہ سلمان سے درخواست کریں گے۔2019 میں 35 ہزار سندھی عازمین حج بغیر امیگریشن سعودی عرب جائیں گے جبکہ تمام حاجی ای ویزہ سسٹم کے تحت سعودی عرب جائیں گے ،علاوہ ازیں پاکستان کو روڈ ٹو مکہ کے منصوبے میں بھی شامل کر لیا گیا ہے۔حج 2019 کے حوالے سے ہونے والے معاہدے پر وزیر مذہبی امور نور الحق قادری اور سعودی وزیر حج و عمرہ نے دستخط کئے .