یوم شہدا کے نام پر سیاسی شو میں متحدہ لندن ناکام

کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ لندن کی جانب سے یوم شہدا کے نام پر سیاسی شو فلاپ ہوگیا۔بھرپور کوشش کے باوجود چند درجن لوگ ہی جمع ہوسکے ،جن میں سے بھی بیشتر منہ ڈھانپے ہوئے تھے۔جناح گراؤنڈ جانے کی کوشش پر اہلکاروں نے لاٹھی چارج کرکے انہیں منتشر کردیا، جب کہ نعرے بازی کرنے والے متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔اطلاعات کے مطابق ایم کیو ایم لندن کی جانب سے 9 دسمبر کو یوم شہدا منانے اور کارکنان کو عزیز آباد جانے کی ہدایت دیئے جانے کے بعد سیکورٹی ادارے بھی حرکت میں آگئے۔ہفتہ کی رات 8 بجے ہی پولیس نے علاقے میں واقع دکانوں اور مارکیٹس کو اتوار کی شب 12 تک بند رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے جناح گراؤنڈ جانے والے تمام داخلی وخارجی راستوں کو رکاوٹیں لگاکر بند کردیا تھا۔اتوار کی دوپہر جب متحدہ لندن کے تین سے چار درجن خواتین اور مرد کارکنان شہدا یاد گار جانے کے لئے عائشہ منزل پہنچے تو مکا چوک جانے اور آنے والی دونوں سڑکوں پرسناٹا تھا، سڑکوں پر پولیس جب کہ عائشہ منزل پل اور اطراف کی دیگر عمارتوں پر رینجرز کے جوان تعینات تھے،متحدہ لندن کے کارکنان میں شامل چند خواتین کو پولیس اور رینجرز کی جانب سے واپس جانے کی ہدایت کی جاتی رہی، اسی دوران کچھ کارکنان کی جانب سے متحدہ قائد غدار وطن الطاف کے حق میں نعرے بازی شروع ہوگئی،جس سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی تو اہلکاروں نے آگے بڑھ کر لاٹھی چارج کیا اورمتعدد کارکنان کو حراست میں لے لیا، اس دوران بعض کارکنان عائشہ منزل کے اطراف گلیوں میں گھس کر فرار ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق کارکنان کی جانب سے یوم شہدا کے پروگرام میں ان خواتین کو لایا گیا تھا ،جن کے گھر کے افراد لاپتہ ہیں، جن سے متحدہ کارکنان غدار وطن الطاف کے حق میں نعرے بازی کرواتے رہے، بیشتر کارکنان نے اپنے منہ ڈھانپے ہوئے تھے، لاٹھی چارج کے بعد فرار ہونے والے بعض نقاب پوش کارکنان کی جانب سے عائشہ منزل اور واٹر پمپ کے اطراف دیواروں پر اسپرے سے غدار وطن الطاف کے حق میں وال چاکنگ بھی کی گئی۔

Comments (0)
Add Comment