لاہور (امت نیوز) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے سیزن 4 میں آل راؤنڈر محمد حفیظ لاہور قلندرز ٹیم کی قیادت کریں گے۔ لاہور قلندرز فرنچائز کے مالک فواد رانا کے ساتھ محمد حفیظ نے پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا کہ لاہور قلندرز کی قیادت میرے لیے چیلنج ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے زیادہ میچز پاکستان میں ہونے کی وجہ سے خوش ہوں اور لاہور قلندرز کی کوشش ہے کہ سب غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی پرفارمنس پر بات نہیں کروں گا بلکہ مستقبل کی پرفارمنس پر نظر ہوگی، لاہور قلندرز کے پاس چیمپیئن بننے کے لئے تمام کھلاڑی موجود ہیں۔محمد حفیظ نے لاہور قلندرز کے تھنک ٹینک کو ٹیم کا اچھا کومبینیشن بنانے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ پی ایس ایل کی تمام ٹیمیں متوازن لگ رہی ہیں۔