کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ اداروں کے حوالے سےکسی کا رہنا یا نہ رہنا معنی نہیں رکھتا اور میں رہوں نہ رہوں سپریم کورٹ کا یہ ادارہ برقرار رہے گا جب کہ میرے بعد آنے والے مجھ سے زیادہ بہتر ہیں۔کوئٹہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں بلوچستان کی نمائندگی ناگزیر ہے، ہم نے ہائیکورٹ میں ججوں کی تعداد تین ماہ پہلے بڑھا دی تھی، ہائیکورٹ میں تعداد 6پلس ون سے 9پلس ون کردی تھی۔انہوں نے کہا کہ اداروں کے حوالے سےکسی کا رہنا یا نہ رہنا معنی نہیں رکھتا، میں رہوں نہ رہوں، یہ ادارہ برقرار ہے اور میرے بعد آنے والے مجھ سے زیادہ بہتر ہیں۔چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھاکہ ڈیم مہم کے حوالے سے بہت محبت ملی ہے، ڈیم ہماری بقا اور آنے والی نسلوں کے لیے ناگزیر ہوچکا ہے ، خدا کا واسطہ اس ملک سے محبت کریں، ایک سال اس ملک کو دیں اور پھر دیکھیں کیا ہوتا ہے، ہم آنے والے بچوں کے لیے کتنی نایاب چیز چھوڑ کر جائیں گے۔