سندھ حکومت متاثرین کی بحالی کیلئے عملی اقدامات کرے-جماعت اسلامی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات سندھ سعید غنی سے جماعت اسلامی کراچی کی پبلک ایڈ کمیٹی اور شہری ایکشن کمیٹی کے سربراہ سیف الدین ایڈووکیٹ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی اور آپریشن کی آڑ میں جاری توڑ پھوڑ اور روزگار کی تباہی کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت صرف تماشہ نہ دیکھے، بلکہ متاثرین کی بحالی اور نقصانات کی تلافی کے لیے عملی اقدامات بھی کرے ۔وفد میں رکن اسمبلی سید عبدالرشید اور جنید مکاتی شامل تھے۔وفد نے مختلف تجاویز پر مشتمل یادداشت پیش کی اور کہا کہ کراچی میں ان اداروں کی سر پرستی کے بغیر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات ہر گز نہیں ہوسکتیں۔اس لیے ضروری ہے کہ اس عمل میں ملوث افسران اور اہلکاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر شہری کے انسانی اور آئینی حقوق کو پیشِ نظر رکھا جائے ان حقوق میں رہائش ،کاروبار، علاج ، تعلیم وغیرہ کی ضمانت دی گئی ہے۔

Comments (0)
Add Comment