کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ صحت سندھ نے ناقص کارکردگی کی شکایات پر سروسز اسپتال کی عارضی انتظامی سربراہ سے اضافی چارج واپس لے کر ان کی جگہ تقرری کے منتظر گریڈ 20کے ڈاکٹر اجمل مغل کو اسپتال کا نیا میڈیکل سپرنٹنڈنٹ مقرر کر دیا ہے۔ ڈاکٹر محمود قریشی کی مدت ملازمت مکمل ہونے کے بعد اسپتال میں نئے انتظامی سربراہ کی تقرری کرنے کے بجائے محکمہ صحت سندھ نے سندھ گورنمنٹ سعود آباد اسپتال کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ریحانہ صبا باجوہ کو سروسز اسپتال کے ایم ایس کا اضافی چارج دے دیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انتہائی اہمیت کے حامل اسپتالوں کیلئے ایک ہی ڈاکٹر کو دو چارج سونپے جانے کی وجہ سے سعود آباد اسپتال کے ساتھ سروسز اسپتال کی کارکردگی بھی بری طرح متاثر ہو رہی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال کی ناقص کارکردگی کی متعدد شکایت کی اطلاع ملنے پر محکمہ صحت نے گریڈ 20 کے سائیکاٹرسٹ ڈاکٹراجمل مغل کونیا سول سرجن کراچی و میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سروسز اسپتال مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جا ری کر دیا ہے۔