کراچی(اسٹاف رپورٹر) ٹریفک پولیس کی ون وے کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائیاں جاری، فوارہ چوک پر ون وے کی خلاف ورزی کرنے پر ٹریفک اہلکار نے پولیس موبائل کا 150روپے کا چالان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس میں جہاں تبدیلی کی فضا عروج پر ہے وہیں ون وے کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائیاں بھی جاری ہیں، گزشتہ روز فوارہ چوک پر ٹریفک اہلکار نے ون وے کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس موبائل کا 150روپے کا چالان کردیا، تاہم ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ موبائل نے فوارہ چوک کے قریب ون وے کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی تھی جس پر وہاں دیوٹی پر تعینات ٹریفک سارجنٹ نے موبائل کا ڈیڑھ سو روپے کا چالان کاٹ دیا، چالان کے بعد پولیس موبائل کو واپس موڑ کر رائٹ وے پر جانا پڑا، تاہم واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں اہلکار کو پولیس موبائل کا چالان کرتے دیکھا جاسکتا ہے، موبائل کا چالان کاٹتے دیکھ کر موقع پر موجود شہریوں نے تالیاں بھی بجائیں۔