کراچی (بزنس رپورٹر) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے زیراہتمام شعبہ ہاؤسنگ وتعمیرات میں بدعنوانی کی روک تھام کے عنوان سے ایک سیمینارمنعقد ہوا، جس میں نیب، اینٹی کرپشن اور شہری محکموں سمیت آباد و میڈیاکے مندوبین شریک ہوئے۔ ڈی جی ایس بی سی اے افتخار قائم خانی نےاستقبالیہ خطاب میں کہا کہ شہر میں ایس بی سی اے سمیت 13مختلف اتھارٹیز قائم ہیں، ہمارا ادارہ لائسنس یافتہ بلڈرز اینڈ ڈویلپرزکیلئے ہاؤسنگ منصوبوں کی منظوری دیتاہے، جو قانون کے مطابق الاٹ کردہ اراضی پر واقع ہوتے ہیں، اس سلسلے میں ماسٹرپلان کی منظوری سمیت دیگر یوٹیلٹی محکموں اورایجنسیز وغیرہ کی اجازت سے مشروط ہوتی ہے جبکہ نجی پروجیکٹ کے منظورشدہ پلان کی خلاف ورزی، طے کردہ قیمت اورمعاہدہ خریداری کی خلاف ورزی، بلڈرز اور الاٹیز کے درمیان زائدرقم کا معاملہ ہو یا قبضے کے حصول و تکمیل سمیت تشہیر و فروخت کے تمام معاملات وشکایات پرایس بی سی اے کارروائی کرتاہے، اسی طرح کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز میں ایس بی سی اے صرف نقشے کی منظوری اور بغیراجازت تعمیرات کیخلاف کارروائی کا اختیار رکھتا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹرنیب کراچی ہارون رشید نے کہاکہ کراچی ملکی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی ہے، نیب افرادی قوت کی کمی کے باوجود تحقیقات کامشکل کام انجام دے رہاہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹراسٹیبلشمنٹ اینٹی کرپشن نے کہاکہ ایس بی سی اے، کے ڈی اے، کے ایم سی اور رجسٹرار سی ایچ ایس وغیرہ اپنے محکموں میں قانون کی پاسداری مضبوط بنائیں۔رجسٹرار کوآپریٹوہاؤسنگ سوسائٹی کراچی گھنور لغاری نے کہاکہ اگر ادارے اپنا کام کرتے تو آج بڑے انسداد تجاوزات آپریشن کی ضرورت نہیں پڑتی۔فیڈریشن آف کوآپریٹو سوسائٹیز گلزارہجری اسکیم 33کےبلال محمد اختر نے کہا کہ لینڈمینجمنٹ کےقوانین کو بہتر بنایا جائے۔ این ای ڈی کے ڈین پروفیسرنعمان نے کہا کہ زمین سماجی اثاثہ ہے، جو کاروبار بن چکی ہے،کراچی ملک کامعاشی انجن ہے، یہاں لینڈمینجمنٹ کیلئے طاقت ور پلاننگ ادارے کی ضرورت ہے۔ سینئر ڈائریکٹرایس بی سی اے ندیم رشید نے کہاکہ جعلی کوآپریٹو اور پرائیوٹ ہاؤسنگ سوسائٹی سادہ لوح عوام کولوٹ رہی ہیں۔ میڈیا صرف قانونی منصوبوں کی تشہیرکرے۔ چیئرمین آباد حسن بخشی نے کہاکہ غیرقانونی تعمیرات کی روک تھام کیلئے زمین کی سٹے بازی اورانوسٹمنٹ کے رجحان کوختم کرنے کے اقدامات کئے جائیں، جبکہ ایم ڈی اے اورایل ڈی اے کی اسکیموں میں بھی بدعنوانی کی تحقیقات کی جائے۔پروجیکٹ ڈائریکٹر پبلک ہاؤسنگ کے ڈی اے نویداظہار اور سابق ایڈمنسٹریٹربلدیہ عظمیٰ کیپٹن فہیم الزمان نے اپنے خطاب میں تمام اداروں میں مشترکہ لائحہ عمل اوراختیارات پرزور دیاجبکہ عوام سےاپیل کی کہ نقصان سے بچنے کیلئے غیرقانونی تعمیرات یا مشکوک زمین خریدنے سے اجتناب کریں اور اداروں سے تعاون کریں۔ بعد ازاں ایس بی سی اے چیف افتخارقائم خانی نے سیمینار کے شرکا کا شکریہ ادا کیا اور مشتاق سومرو، اسما غیور اور ندیم وارثی سمیت تمام مہمانوںکواعزازی شیلڈز پیش کیں۔