کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کیلئے پریس کلب پر مظاہرہ

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) انسانی حقوق کے عالمی دن پر یوتھ فورم برائے کشمیر کے کارکنوں نے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کیلئے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ شرکا میں خواتین بھی شامل تھے۔ احتجاج کے دوران مظلوم کشمیری عوام نے نعرے لگائے کشمیر پاکستان تھا، کشمیر پاکستان رہے گا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر یوتھ فورم کشمیر زوہیب نوید نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، ایک پاکستانی کی حیثیت سے ہم ہر فورم پر کشمیریوں کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ بھارت کی دہشت گردکارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق دلانے میں کردار ادا کرے۔دریںاثنا تحریک نسواں کلچرل الیکشن گروپ کی شیماکرمانی اور تراب مرزا نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ساری ریاستوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ان حقوق کی پاسداری کریں اور شہری کو ان کے حقوق دیں۔

Comments (0)
Add Comment