اسلام آباد (امت نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف نے علاج کے لیے بیرون ملک قیام پر قومی خزانہ کے 6 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے، وزارت خارجہ نے قومی اسمبلی میں تفصیلات پیش کر دیں۔ اسپیکر اسد قیصر کے زیر صدارت اجلاس میں وزارت خارجہ کی جانب سے تحریری طور پر بتایا گیا کہ 22 مئی 2016ء کو سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے خصوصی طیارے پر برطانیہ کا سفر کیا،علاج کے باعث دورہ برطانیہ طویل ہو گیا، خصوصی طیارہ 29 مئی 2016ء کو پاکستان واپس آیا۔تحریری جواب میں بتایا گیا کہ طبی علاج کے بعد 9 جولائی 2016ء کو ایک خصوصی طیارہ دوبارہ لندن گیا، اسی دن سابق وزیراعظم کو اس طیارے پر لندن سے پاکستان پہنچایا گیا،جس پر 56ہزار657 ڈالر اخراجات آئے۔اسمبلی میں پیش تفصیلات کے مطابق نواز شریف کے قیام پر 3 لاکھ 27 ہزار 927 ڈالر اخراجات آئے، 9 جولائی 2016ء کو وی وی آپی فلائٹ پر 3 کروڑ 45 لاکھ 27 ہزار روپے خرچ ہوئے۔