اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کیخلاف رینٹل پاور پروجیکٹ میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔مقدمے میں ملزم اور ساہیوال ملتان رینٹل پاور پروجیکٹ منیجر رانا امجد سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کیخلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے جب کہ نیب نے راجہ پرویز کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔نیب نے احتساب عدالت میں رانا امجد کو گواہوں کی فہرست میں شامل کرنے کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ رانا امجد کو ملزمان کی فہرست سے نکال کر گواہوں میں شامل کیا جائے۔ عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے نیب کو آئندہ سماعت تک ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت بھی کی۔ رانا امجد اس مقدمے کے ملزمان میں شامل تھے اور وعدہ معاف گواہ بننے کے بعد اب وہ استغاثہ کے گواہ بن گئے ہیں۔