حکومت بچانے کیلئے تھریسامے نے بریگزیٹ ووٹنگ ملتوی کردی

لندن(امت نیوز) برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے اپنی حکومت بچانے کیلئے یو ٹرن لیتے ہوئے بریگزٹ پر دارالعوام میں ہونے والی ووٹنگ ملتوی کرا دی ہے ۔منگل کو رائے شماری کے دوران پارٹی کے متعدد اراکین کی مخالفت بھی سامنے آسکتی تھی ،جس پر انہیں مستعفی ہونا پڑ سکتا تھا ۔یورپی یونین نے برطانیہ کے ساتھ مزید مذاکرات نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔ برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے بریگزٹ پر منگل کو ہونے والی رائے شماری ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔تھریسا مے نے اعتراف کیا کہ معاہدے پر ووٹنگ کی صورت میں برطانوی پارلیمنٹ میں یورپی یونین سے نکلنے کی قرارداد ناکام ہو جاتی۔ اس اعلان کے بعد تھریسا مے دوبارہ برسلز جائیں گی ،جس میں وہ یورپی یونین سے بریگزٹ معاہدے میں تبدیلی کا مطالبہ کریں گی ۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ وہ شمالی آئرلینڈ بارڈر پلان پر حوصلہ افزایقین دہانی لینے میں کامیاب رہیں گی۔ اپوزیشن لیڈر و لیبر پارٹی کے سربراہ جیرمی کوربن کا کہنا ہے کہ تھریسا مے حالات پرکنٹرول کھو چکی ہیں ۔یورپی یونین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے تمام 27ممالک برطانیہ سے دوبارہ مذاکرات نہیں کریں گے ،تاہم تنظیم سے برطانیہ کے اخراج میں تھریسا مے کو مدد دی جائے گی۔یورپی یونین کی عدالت انصاف نے قرار دیا ہے کہ اگر برطانیہ چاہے تو وہ یورپی یونین سے اخراج کا فیصلہ منسوخ کر سکتا ہے ۔

Comments (0)
Add Comment