کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیاقت آباد اور گلشن اقبال میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے گارڈ سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ اورنگی میں خالی پلاٹ سے بچے اور فریئر میں فلیٹ سے خاتون ٹیچر کی لاش ملی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد نمبر 6 میں 420 ہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے نوجوان شدید زخمی ہوگیا، جسے پولیس نے ایمبولینس کے ذریعے نازک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ ایس ایچ او راؤ شبیر نے بتایا کہ مقتول22سالہ احتشام ولد انور کو کسی خاتون کے شوہر نے شبے پر دھمکی دی تھی، بظاہر یہ رنجش کی بنیاد پر قتل معلوم ہوتا ہے، لاش ورثا کے حوالے کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ گلشن اقبال بلاک 3میں واقع پی ایس او پمپ پر تعینات گارڈ کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے لاش تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے قریبی اسپتال پہنچائی۔ ایس ایچ او مبینہ ٹاؤن ابو عمیر نے امت کو بتایا کہ مقتول 45سالہ حسین ولد مشال پی ایس او پمپ کا نجی گارڈ اور اس کا آبائی تعلق خیر پور سے تھا ، وہ کئی سال سے پمپ پر تعینات تھا، پیر کی صبح موٹر سائیکل سوار افراد اس کے پاس آئے اور گارڈ ان سے باتیں کرنے لگا، اسی دوران ان کے درمیان جھگڑا ہوگیا ،جس پر ملزمان نے فائرنگ کر دی اور فرار ہوگئے، واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ پولیس نے مفرور ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ منگھوپیر کے علاقے اورنگی ٹاؤن غازی گوٹھ میں خالی پلاٹ سے 8سالہ بچے کی 3روز پرانی لاش ملی۔ قائم مقام ایس ایچ او منگھوپیر اسماعیل میو نے امت کو بتایا کہ مقتول کی شناخت محمد حسن ولد امجد حسین کے نام سے ہوئی ، غازی گوٹھ کا رہائشی مقتول جمعے کو گھر کے باہر کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوگیا تھا اور اب اس کی لاش گھر کے قریب ہی خالی پلاٹ سے ملی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بعد معلوم ہوگا کہ مقتول سے زیادتی ہوئی ہے یا نہیں۔ اسی طرح کینٹ اسٹیشن کے قریب رہائشی عمارت کے فلیٹ سے 50سالہ یگنیز گل زوجہ کانجو مسیح کی لاش ملی ہے، جسے پولیس نے جناح اسپتال منتقل کیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق متوفیہ کے سر پر چوٹ کا نشان ہے، تاہم موت طبعی معلوم ہوتی ہے،صورتحال پوسٹ مارٹم کے بعد واضح ہوگی۔ پولیس نے بتایا کہ متوفیہ کے اہلخانہ لاہور میں مقیم ہیں ،جبکہ وہ فلیٹ میں اکیلی رہائش پذیر اور نجی اسکول میں ٹیچر تھی۔