وینکوور(امت نیوز) کینیڈین عدالت نےبین الاقوامی ٹیلی کام کمپنی’’ ہواوے‘‘ کی چیف فنانشل آفیسر کو ضمانت پر رہا کردیا، مینگ وانزو کی امریکہ حوالگی کا امکان تھا، جبکہ دوسری جانب بیجنگ میں کینیڈا کےسابق سفارتکار کوحراست میں لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وینکوور کی عدالت نے10ملین کینیڈین ڈالر کے عوض مینگ وانزو کی3روزہ ضمانت منظور کرلی ہے۔ ان کی 24گھنٹے نگرانی کیلئےانکے ٹخنے پر الیکٹرانک ٹیگ بھی لگایا جائے گا۔ مینگ نے اپنےدونوں پاسپورٹ حکام کے حوالے کردیئے ہیں۔3 روز بعد انہیں برٹش کولمبیا ک عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ادھر بیجنگ نے تصدیق کی ہے کہ مائیکل کورگ نامی سابق کینیڈین سفارت کار کو چین کی قومی سلامتی کے منافی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، کورگ انٹرنیشنل کرائسز گروپ نامی این جی اوز کیلئے کام کر رہے تھے، جو چین میں رجسٹرڈ نہیں ہے، جبکہ اس کی سرگرمیاں بھی غیر قانونی ہیں۔