کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے رہنما و سینیٹر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ رہی، تو ملک صدیوں تک چلے گا۔ہمیں پاکستان کے لیے فیصلے کرنا چاہیں۔سندھ حکومت ملیر بار کو 25 کروڑ روپے دے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز لائرز فورم کی جانب سے ملیر بار میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مہمان خصوصی خورشید شاہ نے کہا کہ یہ ملک سیاست دانوں نے بنایا ہے ۔ملک کو صرف سیاست داں ہی بچا اور ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتا ہے۔قائد آعظم نے بھی پہلی تقریر میں کہا تھا کہ یہاں پارلیمانی نظام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیم کیوں نہیں بنے، کیوں کہ اس ملک میں قانون کی حکمرانی کم رہی ہے۔ہم ایسی تبدیلی نہیں چاہتے، جو مرغی کے انڈوں پر چلے۔ملک کی معیشت گاڑیاں اور بھینسیں بیچ کے نہیں چلتی۔کرپشن کم نہیں بلکہ بڑھی ہے۔ تقریب میں فورم کے صدر قاضی ایم بشیر، جنرل سیکرٹری شرف الدین جمالی سمیت وکلا کی بڑی تعداد موجود تھی۔