کراچی (اسٹاف رپورٹر)شاہ لطیف ٹاؤن میں ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ لوٹ مار کے دوران شہری کو زخمی کردیا پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ اسکے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ شاہ لطیف کے علاقے جام کھنڈو گوٹھ میں ملزمان اسلحہ کے زور پر لوٹ مار کررہے تھے کہ اسی دوران ملزمان نے مزاحمت کرنے پر شہری کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہونے لگے فائرنگ کی آواز سن کر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمی شخص کو فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا۔ ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ شروع کردی پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی ہوگیا جس کو پولیس نے گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شہری کی شناخت اسماعیل ولد محمد جالب کے نام سے ہوئی ، جبکہ گرفتار ہونے والے ملزم کی شناخت دلمراد کے نام سے ہوئی ہے۔