لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی 2018 کے دوران گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت قرار پائی ہیں ۔ دنیا میں سب بڑے سرچ انجن گوگل نے 2018 میں سرچ کی گئی شخصیات کے حوالے سے رپورٹ شائع کردی ہے جس کے مطابق پاکستان میں رواں برس سب سے زیادہ سرچ کی گئی شخصیت وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی ہیں۔گوگل رپورٹ کے مطابق پاکستانیوں نے دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ برطانوی شہزادے ہیری کی اہلیہ میگن مارکل کو سرچ کیا اور سرچ کی جانے والی تیسری شخصیت پاکستانی گلوگارہ میشا شفیع ہیں جب کہ چوتھے نمبر پر عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان ہیں۔ ہالی ووڈ فنکار سلور اسٹلیون پانچویں نمبر پر رہے، چھٹے نمبر پر کینسر کے موزی مرض میں مبتلا بھارتی اداکارہ سونالی باندرے، وزیرِاعظم کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں شمولیت پر تنقید کا نشانہ بننے والے ماہرِمعیشت عاطف میاں ساتویں نمبر، آٹھویں نمبر پر مسلم لیگ (ن) کے حنیف عباسی، نویں نمبر پر ابھرتی ہوئی ڈرامہ آرٹسٹ اقراء عزیز اور دسویں نمبر پر بے باک بھارتی اداکارہ سنی لیون رہیں۔