سوشل میڈیا پر سرگرم پولیس افسر سمیت 4اہلکاروں کیخلاف مراسلہ ارسال

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈی آئی جی ایسٹ نے سوشل میڈیا پر محکمہ پولیس کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والی ڈی ایس پی سمیت 4اہلکاروں کے خلاف کراچی پولیس چیف کو کارروائی کے لیے مراسلہ لکھ دیا،جس میں کہا گیا کہ مذکورہ اہلکاورں کی ایسٹ زون میں ضرورت نہیں۔ان کا تبادلہ سیکورٹی زون میں کیا جائے۔ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی ایسٹ زون عامر فاروقی کی جانب سے ایک مراسلہ ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کو ارسال کیا گیا ہے، جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ایسٹ ہیڈ کوارٹر کی خاتون ڈی ایس پی رفعت پروین چوہدری ، اہلکار شیخ رمیز، ارسلان مزمل اور نعمان مزمل کا تبادلہ کیا جائے۔مذکورہ افسر اور اہلکاروں کی اب ہیڈکوارٹر کو مزید ضرورت نہیں۔چاروں اہلکار سوشل میڈیا پر سندھ پولیس کی تضحیک کررہے ہیں۔خط میں انہوں نے آگاہ کیا کہ مذکورہ افسر اور اہلکار بالا حکام کے خلاف نہ صرف لکھ رہے ہیں، بلکہ میسیج بھی پھیلارہے ہیں۔ سندھ پولیس کے چاروں ملازمین اپنے ہی ادارے کے خلاف ہرزہ سرائی میں ملوث ہیں، جس کی وجہ سے ادارے کی بدنامی کا باعث بننے والے ملازمین کا تبادلہ سیکورٹی زون میں کیا جائے۔ ڈی آئی جی کی درخواست کی کاپی پولیس ہیڈکوارٹر ایسٹ کو بھی ارسال کردی گئی ہے ۔

Comments (0)
Add Comment