کراچی(اسٹاف رپورٹر)سماجی تنظیم دعا فاونڈیشن کے تحت عمرکوٹ کے ضلعی اسپتال میں نومولود بچوں کے علاج کے لیے نرسری قائم کی جائے گی۔ضلع میں تاحال کسی سرکاری اسپتال میں نرسری کی سہولت نہیں۔فاونڈیشن کے سکریٹری ڈاکٹر فیاض عالم اور چیئرمین عامر خان نے عمرکوٹ کے دورے کے موقع پر میڈیا کو بتایا کہ عمرکوٹ ملک کے پسماندہ اضلاع میں شامل ہے۔نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے دوسرے ممالک کی نسبت عمرکوٹ میں نومولود کی شرحِ اموات 1000میں 46ہے، جو تشویشناک ہے۔عمرکوٹ کے سرکاری اسپتال میں نرسری کے قیام سے نہ صرف عمر کوٹ بلکہ تھر پارکر کی 2تحصیلوں ڈاہلی اور چھاچھرو کی بڑی آبادی کو بھی فائدہ ہوگا۔ڈاکٹر فیاض عالم نے بتایا کہ نرسری کے لیے 6 انکیوبیٹرز خریدے جاچکے ہیں، جبکہ دوسرے ضروری آلات اور آکسیجن لائن کی تنصیب کے لئے انتظامات کئے جارہے ہیں- فاونڈیشن کی اس کاوش میں معروف ماہر امراضِ اطفال اور عباسی اسپتال کے شعبہ پیڈز کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سلطان مصطفی اور ڈاکٹر اظہر چغتائی وہاں ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف کی تربیت کا خصوصی اہتمام کریں گے۔اس منصوبے میں پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن، ڈاکٹر سہیل اختر، ڈاکٹر عاطف حفیظ اور ملک کے ممتاز صنعتکار اور وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے رہنما زاہد سعید کی بھرپور معاونت اور سرپرستی شامل ہے-