ناظم آباد میں 7 غیر قانونی پانی کنکشن منقطع

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ناظم آباد میں 7ویں بار آپریشن کرکے33انچ قطر کی لائن سے لئے گئے 7غیر قانونی کنکشن منقطع کردیئے گئے۔واٹربورڈ نے اصل ملزمان کے خلاف تاحال مقدمہ درج نہیں کرایا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ کی ہدایت پر واٹربورڈ کا ناظم آبادمسرت سینما کے قریب پانی چوروں کیخلا ف کامیاب آپریشن کیا ،جہاں سے پانی کی یومیہ لاکھوں گیلن چوری پکڑی گئی ہے ،پانی چور مافیا 7غیر قانونی کنکشن کے ذریعے لاکھوں گیلن پانی چوری کررہے تھے ،واٹر بورڈ کے ڈائریکٹر انفورسمنٹ تابش رضا حسنین نے بھاری مشنری کے ساتھ آپریشن کرتے ہوئے 33انچ قطر کی لائن کی کئی میٹر گہرائی میں کھدائی کی گئی ،بعدازاں لائن کی کٹائی کے بعد لائن کے اندر سے کئی فرلانگ تک معائنہ کیا گیا جس میں 4,3,اور 2انچ قطر کے 7غیرقانونی کنکشن پکڑے گئے،ناظم آباد مسرت سینما کے قریب سرکاری لائن سے پانی چوری کرنے والوں میں فضل قیوم ،حاجی بنارس،شبیر کا چچا ڈاکٹر محبوب اور طیب نامی پانی چورعلاقے میں پانی چوری کرتے ہیں جن میں طیب سب سے پرانا پانی چور ہے۔ مذکورہ لائن سے لئے گئے غیرقانونی کنکشنزکے ذریعے پاک کالونی، ریکسر ، شیرشاہ ، ماڑی پور،ہاکس بے سمیت دیگر آبادیوں کو فراہم کیا جانے والا پانی چوری کرکے فروخت کیا جارہا تھا۔ لائن سے مزید غیرقانونی کنکشن کی تلاش کیلئے آپریشن جمعرات کو بھی جاری رہے گا۔ اس سے قبل بھی ناظم آباد مسرت سینما کے قریب 6بار آپریشن کئے گئے ہیں تاہم مؤثر ومضبوط کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے مافیا ہر بار دوبارہ پانی کی چوری کردیتا ہے ۔ علاوہ ازیں ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے کامیاب کارروائی پر آپریشن میں حصہ لینے والے تمام افسران اور ان کے عملہ کو شاباش دی اور ان کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

Comments (0)
Add Comment