کراچی(رپورٹ: دانش خان)اینٹی کارلفٹنگ سیل پولیس نے موٹر سائیکل لفٹنگ میں ملوث دفاعی ادارے کا سول ملازم ساتھی سمیت گرفتار کرلیا۔ملزمان سے 13 مسروقہ موٹرسائیکلیں برآمد کرلی گئیں ۔ملزم ساجدخان موٹرسائیکل چوری یا چھیننے کے بعد اسنیپ چیکنگ کےدوران پولیس کو ادارے کا کارڈ دیکھا کر چکما دیتا تھا تاہم اس بار پکڑا گیا۔تفصیلات کے مطابق اینٹی کارلفٹنگ سیل پولیس نے پاپوش نگر قبرستان کے قریب دفاعی ادارے کے سول ملازم ساجد خان اور اسکے ساتھی عاقب علی کو گرفتار کرکے چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کرلی ۔دوران تفتیش ان کی نشاندہی پرمزید 13مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں، جو ناظم آباد ، ٹیپوسلطان، ڈیفنس ، پاک کالونی ، نیو کراچی ، نارتھ ناظم آباد ، سچل ، سعود آباد ، بلوچ کالونی ، کورنگی انڈسٹریل ایریا، درخشاں اور صدر سے چوری اور چھینی گئیں تھی۔پولیس کے مطابق ملزم ساجد خان دفاعی ادارے کا سول ملازم ہےاور وہ واردات کے بعد راستے میں کسی مقام پر پولیس کے روکنے پر کا کارڈ دیکھا کر بآسانی جان بچالیتا تھا ،ملزمان موٹر سائیکل کو اپنے ٹھکانے پر لے جاکر کھڑا کردیتے تھے ، جبکہ اس کا ساتھی عاقب علی مکینک ہے وہ چوری شدہ گاڑی کا سامان کم قیمت میں فروخت کرتا تھا، ملزمان ایک گاڑی کا مکمل سامان 10ہزار روپے میں فروخت کردیتے تھے ، کم پیسے ہونے کی وجہ سے زیادہ تر افراد ملزمان سے سامان تبدیل کرواتے تھے ، ملزمان نے 50سے 60گاڑیوں کا سامان فروخت کرچکے ہیں ، ملزمان چوری یا چھینی ہوئی گاڑی کا سامان تبدیل کرنے کے بعد گاڑی کے انجن کا اہم حصہ پھینک دیتے تھے یا پھر گاڑی کا سامان تبدیل کرنے کیلئے آنے والی گاڑی کا انجن نمبر اور چیسسز نمبر دیکھ کر چوری شدہ گاڑی پر پنچ کر کے شہریوں کو دیتے تھے ۔ملزمان سے نمبر پنچ کرنے والے آلات بھی برآمد ہوئے ہیں ۔جب کہ دوران تفتیش ملزم ساجد خان نے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے۔