سی آئی اے نے کتوں پر دماغ کنٹرول کرنے کے تجربات کئے

واشنگٹن (امت نیوز)امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کی جانب سے1963 میں کتوں پر دماغ کنٹرول کرنے کیلئے گھنا ؤنےتجربات کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی حکام نے ان تجربات کو طویل عرصے تک چھپائے رکھا، تاہم آزادی اظہار رائے کیلئے سرگرم امریکی شہری جان کرین والڈ نے سی آئی اے کی خفیہ معلومات حاصل کرکے دی بلیک والٹ ویب سائٹ پر شائع کردی ہیں ،جس سے امریکی خفیہ ادارے کا گھناؤنا چہرہ ایک بار پھر بے نقاب ہوگیا ہے ۔ویب سائٹ پر جاری تصاویر اوردستاویزات میں واضح کیا گیا ہے کہ 1963میں سی آئی اے حکام کی جانب سے 6کتوں کی کھوپڑیوں میں الیکٹروئیڈ نصب کرکے انہیں ایک کھلے میدان میں اپنی مرضی کے مطابق دوڑایا ،گھمایا اور لڑوایا گیا۔ دستاویزات کے مطابق جیلوں میں قیدیوں اور مجرموں سے دوران تفتیش معلومات اگلوانے کیلئے بھی اسی قسم کے غیر انسانی طریقے اختیارکئے گئے ،جو جزوی طور پر کامیاب رہے۔ دستاویزات کے مطابق ریموٹ کنٹرول کتے تیار کرنے کیلئے پہلے پلاسٹک کے ہیلمٹ استعمال کئے گئے ،تاہم بعد ازاں سی آئی اے نے ان کتوں کی کھوپڑیوں میں الیکٹروئیڈ داخل کرکے دماغ کنٹرول کیا۔تاہم کتے جلد ہی دماغی انفیکشن اورپاگل پن میں مبتلا ہوگئے ۔ویب سائٹ کے مطابق کتوں پر اس خطرناک تجربے کے علاوہ سی آئی اے انسانوں پر کئی بار خطرناک تجربات کرتی رہی ہے ،لیکن حکام نے اس حوالے سے تمام ریکارڈ ضائع کردیا ہے ۔

Comments (0)
Add Comment