کراچی (اسٹاف رپورٹر) خصوصی عدالت نے دھماکہ خیز مواد اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا جرم ثابت ہونے پر متحدہ لندن کے 2 ٹارگٹ کلرز کو 21 ، 21 سال قید کی سزا کا حکم دیدیا، جبکہ انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت نے متحدہ ساؤتھ افریقہ نیٹ ورک کے 2 دہشت گردوں کو 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ بدھ کے روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ملزمان متحدہ لندن کے ٹارگٹ کلر محمد ارشاد اور محمد بلال کو پیش کیا گیا۔ گزشتہ سماعت پر وکلا طرفین کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ استغاثہ ملزمان کیخلاف جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہی۔ عدالت نے تمام شواہد کی روشنی میں جرم ثابت ہونے پر ارشاد اور بلال کو 21،21سال قید کی سزا کا حکم دیدیا ۔عدالت نے ان پر 60،60ہزار جرمانہ بھی عائد کیا ہے، عدم ادائیگی پر انہیں مزید ڈیڑھ ڈیڑھ سال قید بھگتنا ہوگی۔ استغاثہ کے مطابق مجرموں کو ایم کیو ایم جنوبی افریقہ کے قمر اسلام ٹیڈی نے مخالف سیاسی رہنماؤں اور جماعت چھوڑنے والوں کی ٹارگٹ کلنگ کا ہدف دیا تھا، تاہم رینجرز اور پولیس نے بروقت دونوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان پرتھانہ پاکستان بازار میں مقدمہ درج ہے۔ ایک اور مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت نے متحدہ ساؤتھ افریقہ نیٹ ورک کے 2دہشت گردوں مستقیم اور مقیم کو 6روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ قبل ازیں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر تفتیشی افسر نے ملزمان کےجسمانی ریمانڈ کی استدعا کی اور بتایا کہ ملزمان کورینجرز نے عزیز آباد سے گرفتار کرکے ان سے بھاری اسلحہ اور بارودکا ذخیرہ برآمدکیا تھا، ملزمان نائن زیرو پر چھاپے کے بعد سے مختلف علاقوں میں روپوش اور ایم کیو ایم ساؤتھ افریقہ نیٹ ورک سے مسلسل رابطے میں تھے۔ ملزم مستقیم نے انکشاف کیا ہے کہ 1992 میں فرار ہوکر بھارت میں جاوید لنگڑا کیساتھ رہائش پذیر رہا ہے، ملزمان سے مزید تفتیش باقی ہے استدعا ہے کہ ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر دیا جائے۔ جس پر عدالت نے دونوں دہشت گردوں مستقیم اور مقیم کو 6روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیدیا۔