خواتین کی ویڈیو بنانے والا متحدہ دہشت گرد پکڑا گیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے سوشل میڈیا پر شادی کا جھانسہ دے کر خواتین کی برہنہ ویڈیو بنا کر تاوان وصول کرنیوالے متحدہ دہشت گرد ملزم کو گرفتار کرلیا، متعدد خواتین سے رقم لیکر بھی ان کی برہنہ ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈال دی گئیں۔ ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کراچی نے فاطمہ جناح کالونی، مکان نمبرB-46سیکٹرای 11سے اسد نامی ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق سائبر کرائم سرکل میں ایک خاتون نے درخواست دی تھی کہ ملزم نے ان کی برہنہ ویڈیو سوشل میڈیا پر چلائی ہے، جس پر اے سائبر کرائم سرکل کے انسپکٹر طارق ارباب کو انکوائری سونپی گئی، تحقیقات میں معلوم ہوا کہ اسد عادی مجرم ہے اور اس نے فیس بک پر وجدان علی اور افیفا عارف سمیت دیگر ناموں سے آئی ڈیز بنا کر اسے شادی آن لائن کی ویب سائٹ پر بھی رجسٹرڈ کیا تھا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم شادی آن لائن کے ذریعے خواتین سے رابطہ کرکے ان سے ملاقاتوں کا سلسلہ رکھتا اور پھر انہیں جھانسہ دے کر ان کی برہنہ ویڈیو بناتا اور متاثرہ خواتین سے بھاری رقوم وصول کرتا رہا ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق متاثرہ درخواست گزار سے بھی شادی آن لائن پر رابطہ کرکے دھوکے سے برہنہ ویڈیو بنائی گئی اور خاتون سے 2لاکھ کا مطالبہ کرکے 30ہزار وصول بھی کئے، جبکہ دیگر خواتین سے 6لاکھ علیحدہ وصول کر چکا تھا اور رقم وصولی کے بعد ان خواتین کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتا رہا ہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق متحدہ نیو کراچی سیکٹر سے تعلق رکھنے والےملزم کیخلاف مقدمہ الزام نمبر 20/18درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور اس پر اے ٹی سی کے 3مقدمات بھی درج ہیں۔

Comments (0)
Add Comment