افغان طالبان نے ہیلی کاپٹر مار گرایا – حملوں میں 22 اہلکار ہلاک

پشاور(نمائندہ خصوصی)افغانستان کے صوبہ فاریاب میں طالبان نے فوجی ہیلی کاپٹر مار گرایا جبکہ حملوں میں 22افغان فوجی ہلاک ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق افغان طالبان نے صوبہ فاریاب کے ضلع پشتونکوٹ کے علاقے سرحوض فوجی ہیلی کاپٹر کو نشانہ بناکر تباہ کر دیا اور اس میں سوار اہلکار موقع پر ہلاک ہوگئے تاہم ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی تعداد معلوم نہیں ہوسکی۔ ہرات میں چیک پوسٹ پر طالبان نے قبضہ کرلیا ۔حملے میں 6اہلکار ہلاک اور6زخمی ہو گئے جبکہ ایک اہلکار کو طالبان نے گرفتار کرلیا ۔طالبان نے پانچ کلاشنکوف اور ایک ہیوی مشن گن سمیت مختلف فوجی سازوسامان قبضے میں لے لیا۔ صوبہ فراہ کے صدر مقام فراہ شہر اور ضلع بالابلوک میں بم دھماکے ہوئے ۔ صوبائی دار الحکومت فراہ شہر کے کاریز شیخان کے علاقے میں ضلع شیب کوہ سے فرار ہونے والے کاروان پرطالبان نے حملہ کیا جس سے رینجر گاڑی تباہ، 3 اہلکار ہلاک، 6 زخمی ہونے کے علاوہ طالبان نے ایک راکٹ لانچر قبضے میں لے لیا۔ضلع بالابلوک سے اطلاع ملی ہے کہ نعلک کے علاقے میں فوجی کاروان پر بم دھماکہ ہوا جس سے رینجر گاڑی تباہ اور اس میں سوار6 اہلکار ہلاک وزخمی ہوگئے۔صوبہ سرپل ضلع سنگ چارک میں طالبان نے پولیس چیف کے کارواں پر حملہ کیا جس سے کمانڈر حزب اللہ ہلاک جبکہ 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔اسی طرح ہلمندمیں سنائپر گن حملے ودھماکے میں ٹینک تباہ اور 4 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ۔صوبہ ہلمند کے صدر مقام لشکرگاہ شہر اور ضلع گرشک میں طالبان نے حملے کئے۔ضلع گرشک کے مالگیر کے علاقے میں ہونے والے بم دھماکے سے ٹینک تباہ اور 2 اہلکار ہلاک ہوگئے ۔

Comments (0)
Add Comment