مراد سعید وفاقی وزیرمقرر-2وزراء کو اضافی قلمدان دیئے گئے

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی؍اے پی پی)قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے پی ٹی آئی کے رہنما اور وزیر مملکت برائےمواصلات مراد سعید کی بطور وفاقی وزیر تقرری کی سمری کی منظوری دے دی جبکہ وزیراعظم عمران خان نے دو وفاقی وزراء کو وزارت شماریات اور وزارت ہوابازی کا اضافی قلمدان سونپ دیا ہے ۔کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار کو وزارت شماریات اور وفاقی وزیر نجکاری ڈویژن میاں محمد سومرو کو وزارت ہوا بازی کا اضافی قلمدان سونپ دیا ہے۔قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے پی ٹی آئی کے رہنما اور وزیر مملکت برائےمواصلات مراد سعید کی بطور وفاقی وزیر تقرری کی سمری کی منظوری دے دی ہے۔قائمقام صدر صادق سنجرانی کو وزیراعظم سیکریٹریٹ نے سمری ارسال کی تھی، قائمقام صدر نے وزیرعظم کی تجویز پر سمری کی منظوری دی، جب کہ کابینہ ڈویژن بھی وفاقی وزیر کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کرے گی۔واضح رہے مراد سعید اس وقت وزیر مملکت مواصلات کے طورپر کام کررہے ہیں۔ دو روز قبل وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا تھا جس میں وزیر مملکت مراد سعید کی کارکردگی متاثر کن رہی اس پر وزیر اعظم عمران خان نے مراد سعید کو وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment