لیاقت آباد میں بچہ اغوا کرنے کے شبے میں نفسیاتی مریض کی پٹائی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیاقت آباد میں مشتعل شہریوں نے اغوا کار کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا، پولیس کے مطابق مبینہ ملزم نفسیاتی مریض تھا جسے رہا کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد تھانے کی حدود لیاقت آباد 8 نمبر پر شہریوں نے 30 سالہ شخص کو پکڑ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا، شہریوں کا کہنا تھا کہ ملزم بچے کو اغوا کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس بھی پہنچ گئی اورمبینہ ملزم کو شہریوں کے چنگل سے نکال کر تھانے منتقل کیا۔ ایس ایچ او راؤ شبیر نے امت کو بتایا کہ شہریوں نے نفسیاتی مریض شخص کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور اس پر الزام لگایا گیا تھا کہ وہ 8سالہ بچے کو اغوا کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کے پاس کسی بھی شخص نے بچہ اغوا کرنے کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے۔ پولیس نے زیر حراست شخص کو رہا کردیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment