سرسید سے 3 کار لفٹر پکڑے گئے – گاڑی برآمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اینٹی کار لفٹنگ سیل پولیس نے جیل سے چوری و چھینی گئی گاڑیوں کی خریدو فروخت کرنیوالے نیٹ ورک کے 3 کارندوں کو گرفتار کرکے ان سے مسروقہ کار برآمد کرلی۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کارلفٹنگ سیل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3ملزمان عظیم عرف سندھی ، لیاقت سیال اور طارق عظیم کو گرفتار کرکے سرسید کے علاقے سے چوری شدہ کار نمبر اے سی کے- 024برآمد کرلی۔ ایس ایس پی اینٹی کارلفٹنگ سیل منیر شیخ نے بتایا کہ گرفتار ملزم عظیم عرف سندھی اپنے سسر سے مل کر مختلف علاقوں سے گاڑیاں چوری اور چھیننے کے بعد اپنے ڈینٹر ساتھی طارق عظیم سے گاڑی کا نمبر ٹمپر کرکے لیاقت سیال کو فروخت کرتے تھے، تمام ملزمان جیل میں قید ملزم جواد سے مسلسل رابطے میں تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم عظیم سندھی اور اس کا سسر گاڑیاں چوری کرنے کے بعد جیل میں قید جواد سے رابطہ کرکے اس سے ڈیل کرتا تھا اور گاڑی کا نمبر طارق عظیم سے ٹمپر کرکے جواد کے ساتھی لیاقت سیال کو فروخت کرتا تھا، ملزمان کئی گاڑیاں اس طرح فروخت کرچکے ہیں۔ جیل میں قید جواد سے بھی تفتیش کی جارہی ہے، ملزمان نے کچھ مسروقہ گاڑیاں بلوچستان میں حاجی خان مندرانی کو بھی بیچی ہیں، ملزمان دیگر شہروں سے گاڑیاں خرید کر ان کے کاغذات پر اسی میک اور ماڈل کی گاڑی ٹمپرڈ کرکے کراچی میں فروحت کردیتے تھے، جبکہ عظیم سندھی کے سسر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment