حب میں ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ عروج پر پہنچ گئی۔کراچی سپلائی

حب(نمائندہ امت)حب میں ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ عروج پر پہنچ گئی۔روزانہ لاکھوں لیٹر اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل حب سے کراچی سپلائی کیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق ایرانی ڈیزل کے اسمگلروں کے جرائم پیشہ عناصر سے قریبی تعلقات رہے ہیں۔ پولیس کی زیادہ تر نفری کو اسمگلروں سے رشوت خوری پر لگا دیا گیا ہے۔جمعہ موڑ ، بھوانی اور گلیوں میں پولیس اہلکار بھتہ وصولی کے لیے ایرانی ڈیزل کے ڈمپنگ اسٹیشنوں پر ہر وقت دکھائی دیتے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ میں بعض افسران بھی ملوث ہیں۔ناکہ پل کے قریب آبادی کے قریب ایک درجن سے زائد ڈمپنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جبکہ بھوانی اور اشوک پمپ کے قریب بھی درجنوں ایرانی ڈیزل کے ڈپو اور ڈمپنگ اسٹیشن موجود ہیں۔کراچی سے اسمگلر ٹرالر اور دیگر گاڑیوں میں حب آکر ایرانی ڈیزل لیکر جاتے ہیں ، جب کہ پولیس اسمگلرز سے بھاری رشوت وصول کرتی ہے ، جب کہ کسٹمز اور ایکسائز کے افسران و اہلکار کو بھی حصہ ملتا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ منشیات فروشوں ، ایرانی ڈیزل کے اسمگلروں اور غیر ملکی شراب کے ڈیلروں کے سامنے پولیس اور انتظامیہ بے بس ہے۔ عوامی حلقوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے ایرانی ڈیزل اور منشیات کی اسمگلنگ کو روکا جائے۔اسمگلرز کے معاون افسران اور اہلکاروں کے خلاف بھی تحقیقات کی جائے۔

Comments (0)
Add Comment