کراچی (اسٹاف رپورٹر)سینٹرل پولیس آفس میں آٹو موبائل ورکشاپ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے ایک سادہ تقریب میں ورکشاپ کا باقاعدہ افتتاح کیا اس موقع پرڈی آئی جی فنانس،ڈی آئی جی آپریشن،اے آئی جی فنانس،اے آئی جی ایم ٹی،اے آئی جی آپریشنز اور اے آئی جی ایڈمن سی پی او بھی موجود تھے۔ ڈی آئی جی ٹی اینڈ ٹی ڈاکٹر جمیل نے بریفنگ میں بتایا کہ ورکشاپ کا مقصد خراب پو لیس وین/موبائل کی مرمت کو بروقت یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آٹوموبائل ورکشاپ گاڑیوں کی مرمت کے حوالے سے درکار تمام سازوسامان/ٹولز سے لیس ہے اور مکینک کا تعلق بھی محکمہ سے ہی ہے، آئی جی سندھ نے آٹو موبائل ورکشاپ کےقیام کی کوششوں اور اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے کے تمام اضلاع میں 3ماہ کے اندر ایسی ہی ورکشاپ کے قیام کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں اور اس ضمن میں درکار وسائل کیلئے تفصیلی سفارشات فوری ارسال کی جائیں۔