راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)پارک لین کمپنی کیس میں آصف اور بلاول بھٹو طلبی کے باوجود نیب حکام کے سامنے پیش نہ ہوئے۔ فاروق ایچ نائیک اور نیئر بخاری پر مشتمل قانونی ٹیم نے جواب جمع کرایا۔ فاروق ایچ نائیک کہتے ہیں کہ پارک لین اراضی معاملہ دیوانی کیس ہے، نیب کا نوٹس پیپلز پارٹی کو ہراساں کرنے کی کوشش ہے۔نیب راولپنڈی نے پارک لین کمپنی میں شیئر رکھنے کے الزام میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور آصف زرداری کو گزشتہ روز طلب کیا تھا، تاہم ان کی جانب سے فاروق ایچ نائیک اور نیئر بخاری بطور وکیل پیش ہوئے۔پیپلز پارٹی کی قانونی ٹیم نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب محمد وقار کی سربراہی میں نیب کی تین رکنی ٹیم کے سامنے جواب جمع کرایا۔ نیب میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کا پارک لین کمپنی کے معاملات سے براہ راست کوئی تعلق نہیں، اراضی کی حد بندی کا معاملہ محمکہ مال کے زیر التوا ہے۔ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ چیئرمین نیب سے درخواست ہے اس کیس کو ختم کریں۔سابق چیئرمین سینیٹ نیئر بخاری نے کہا پارک لین اراضی کا کیس دیوانی نوعیت کا ہے، اس پر نیب کا نوٹس پیپلز پارٹی کو ہراساں کرنے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں ہے۔ فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ پارک لین کمپنی نے 2016ء سے سنگجانی میں دو ہزار 760 کنال اراضی سے متعلق حد بندی کی درخواست دے رکھی ہے لیکن ابھی تک حد بندی نہیں کی گئی۔