راولپنڈی(نمائندہ امت)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ امن کے لیے تمام ریاستی اداروں کی حمایت جاری رکھیں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں 216ویں کور کمانڈر کانفرنس ہوئی ،جس میں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے علاقائی اہمیت کا جائزہ لیا گیا اور داخلی سیکورٹٰی سے متعلق آپریشن پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ،جب کہ مشرقی اور مغربی باڈر سمیت لائن آف کنٹرول کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا ،جبکہ افغانستان کے امن عمل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت پر امید کا اظہار کیا گیا۔آرمی چیف نے کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم کے بہترین مفاد، ترقی، امن اور استحکام کے لیے تمام اداروں کی حمایت جاری رکھیں گے۔جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے علاقائی تعاون ضروری ہے، افغانستان میں قیام امن کے لیے تمام فریقین کی حمایت کی جائے گی۔دریں اثنا وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اہم ملاقات کی ہے ،جس میں ملکی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن اور خطے کی مجموعی صورتحال پر غور و خوص ہوا ۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال پر بھی وزیر اعظم عمران خان کو بریفنگ دی ۔