پشاور(نمائندہ امت) عوامی نیشنل پارٹی نے پشاور تا کراچی موٹر وے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صوبائی اسمبلی میں قرارداد جمع کرائی ہے جس میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ متذکرہ بالا موٹر وے خیبر پختونخوا کا دیرینہ مطالبہ اور ضرورت ہے۔ قرارداد پارٹی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر و جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے جمع کرائی ، قرارداد میں مزید کہا گہا ہے کہ صوبہ سندھ اور خیبر پختونخوا کے درمیان موٹر وے کی تعمیر سے تجارتی راستے کے ساتھ ساتھ ملک کے ایک بڑے حصے کو آمدورفت کی سہولت میسر آ جائے گی۔سردار حسین بابک نے قرارداد میں مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت صوبے کے معاشی استحکام اور معیشت کی حالت بہتر بنانے کیلئے پشاور سے کراچی موٹر وے کی تعمیر کا اعلان کر کے اسے عملی جامہ پہنانے کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا دہشت گردی کی جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے صوبے کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ سردار بابک نے توقع کا اظہار کیا کہ نئی حکومت صوبے میں میگا پراجیکٹ کا اعلان کر کے صوبے کی معاشی ترقی کیلئے راہ ہموار کرے گی۔دریں اثنا ء پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک اور ممبر صوبائی اسمبلی خوشدل خان ایڈوکیٹ نے صوبائی اسمبلی میں ایک قرارداد بھی جمع کرائی جس میں عام صارف کیلئے بجلی کے بلوں میں ناجائز ٹیکسز و سرچارجز کی مخالفت کی گئی ہے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں بجلی کے بلوں میں صرف شدہ یونٹس کے علاوہ کئی قسم کے سرچارج شامل کئے جاتے ہیں جن میں بجلی ڈیوٹی، ٹی وی فیس،نیلم جہلم سرچارج،قرضہ سرچارج اور فیول پرائس سرچارج اور میٹر کرایہ وصول کئے جا رہے ہیں ، اسی طرح بجلی کے میٹر کی قیمت ایڈوانس میں وصول کرنے کے بعد زندگی بھر کیلئے ہر ماہ میٹر کرایہ بھی وصول کیاجا رہا ہے جو عام آدمی کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے، قرارداد میں تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صارفین کو موصول ہونے والے بجلی کے بلوں میں بجلی ڈیوٹی کی مد میں 395.61 جنرل سیلز ٹیکس4667.00روپے نیلم جہلم سرچارج کی مد میں154.30روپے،ٹی وی فیس ہر ماہ35روپے،قرضہ سرچارج663.49روپے،فیول سرچارج1602.90اور کرایہ میٹر کی مد میں ہر ماہ20روپے وصول کئے جاتے ہیں جبکہ کرایہ سروس01.00روپے ہیں جو غریب عوام کے ساتھ زیادتی اور سراسر ناانصافی ہے اور یہ ناجائز وصولی کے زمرے میں آتا ہے، انہوں نے قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی کے بلوں سے تمام غیر قانونی اور ناجائز چارجز فوری طور پر ختم کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔