کراچی (اسٹاف رپورٹر)واٹر بورڈ نےشہر کے 4سروسز اسٹیشنز پر چھاپہ مار کر 2سے 4انچ کے 8غیر قانونی کنکشن منقطع کردیئے۔ سروس اسٹیشن پینے کے صاف پانی سے گاڑیاں دھونے کا کاروبار کررہے تھے ۔ واٹر بورڈ کی جانب سے سروسز اسٹیشن سمیت شہر میں کھانے پانی کا کام کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی شروع کردی ہے ، جس کے لئے فوکل پرسن انجینئر راشد صدیقی کو مقرر کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز نیوایم اے جناح روڈ، کشمیر روڈ کے نزدیک اور مزار قائد کے قریب قائم 4پیٹرول پمپس میں قائم سروس اسٹیشنز پر چھاپہ مارا۔ اس دوران زیر زمین پانی کی آڑ میں واٹربورڈ کی لائنوں سے لیے گئے4,3اور 2انچ کے 8 غیرقانونی کنکشنز برآمد ہوئے، جنہیں منقطع کردیا گیا ہے ، جبکہ واٹربورڈ سروس اسٹیشنز کے مالکان وانتظامیہ کیخلاف قانونی کارروائی کررہا ہے۔ معلوم رہے کہ چند دن قبل سروس اسٹیشنز کے مالکان و انتظامیہ کو متنبہ کیا تھا کہ وہ ازخود واٹربورڈ کی لائنوں سے لئے گئے غیرقانونی کنکشنز منقطع کردیں۔ ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ اس حوالے سے فوکل پرسن راشد صدیقی کا کہنا ہے کہ ہم نےکہا کہ شہر میں پانی کی قلت کے باعث گاڑیوں ،بسوں موٹر سائیکلوں کی دھلائی کیلئے پینے کے میٹھے پانی کے استعمال کی اجازت ہر گز نہیں دی جاسکتی۔ دریں اثنا ترجمان واٹربورڈ نے پینے کے پانی سے سروس اسٹیشنز چلانے والوں کوان کے اپنے مفاد میں متنبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر پانی کے غیرقانونی کنکشنز منقطع کردیں ۔ بصورت دیگر ان کے خلاف کسی وقت بھی کارروائی کی ہوسکتی ہے ، جبکہ واٹربورڈکی جانب سے مقدمات کا اندراج بھی کیا جائے گا۔