نئی دہلی (امت نیوز) پاکستان کو ایشیا کپ کی میزبانی ملنے کی خبر پر سکتہ طاری ہوگیا ہے۔ ایشیائی کرکٹ کونسل کے اہم فیصلہ پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) تلملا اٹھا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈنے ستمبر 2020میں پاکستان میں شیڈول ایشیا کپ میں شرکت سے انکار کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی آفیشلز نے ڈھاکہ میں ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ کے دوران پاکستانی حکام کو یہ پیغام پہنچا دیا ہے ۔ایک بی سی سی آئی آفیشل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایشیاکپ کھیلنا ناممکن ہے اسی لیے ہم نے انہیں آگاہ کردیا ہے کہ جس طرح ہم نے رواں سال ایشیا کپ کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں کی ہے اسی طر ح انہیں بھی اسی قسم کا کوئی فیصلہ کرنا ہے ۔یاد رہے کہ بھارت نے پاکستان کی وجہ سے اپنے ملک میں ایشیا کپ میزبانی کرنے سے انکار کردیا تھا اور اب بھی متحدہ عرب امارات ہی 2020میں شیڈول ٹورنامنٹ کے لیے متبادل وینیو کے طور پر سامنے آرہا ہے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ واپس لانے کے لیے محنت کررہا ہے اور اگر وہ بھارت ،سری لنکا اور بنگلہ دیش جیسی ٹیموں کو ایشیا کپ 2020میں شرکت کرنے کے لیے پاکستان آنے پر آمادہ کرنے میں کامیاب ہوگیا تو یہ اس کی بہت بڑی کامیابی ہوگی تاہم ایسا محسوس ہورہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان نے جانے کا فیصلہ کرچکا ہے۔
٭٭٭٭٭