فرانس کی کرسمس مارکیٹ میں فائرنگ کرنے والا ماراگیا

پیرس(مانیٹرنگ ڈیسک)فرانس کی کرسمس مارکیٹ میں فائرنگ کرکے 3 افراد کو قتل اور12 افراد کو زخمی کرنے والے شخص کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی۔بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس کے وزیر داخلہ کرسٹوف کاسٹنرنے کرسمس مارکیٹ میں پولیس کی جوابی فائرنگ سے زخمی ہونے والے 29 سالہ حملہ آورشیرف شیکٹ کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔حملہ آورمنگل کے روز اسٹراس برگ کی کرسمس مارکیٹ میں شہریوں پرفائرنگ کرکے زخمی حالت میں فرارہوگیا تھا۔ پولیس نے ملزم کے والدین اوردو بھائیوں سمیت 5 افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت ملزم چاقو اورپستول سے لیس تھا جب کہ اس کے اپارٹمنٹ سے ایک گرنیڈ، 2 رائفل، 4 چھریاں اور شکار کے لیے استعمال ہونے والے 2 تیز دھار چاقو بھی برآمد ہوئے۔شیرف شیکٹ اسٹراس برگ میں مراکش سے ہجرت کرکے آنے والے ایک گھرانے میں پیدا ہوا، وہ سیکیورٹی اداروں کی ملک کو ممکنہ طور نقصان پہنچانے والے افراد کی ’واچ لسٹ‘ میں شامل تھا۔ ملزم کے خلاف فرانس اورجرمنی میں چوری، ڈکیتی وغیرہ کے 27 مقدمات درج ہیں۔

Comments (0)
Add Comment