پشاور(نمائندہ امت ) وزیر اعظم عمران خان نے کام چور وزرا اور بیوروکریسی کیخلاف کارروائی کا عندیہ دیا ہے اور کہا ہے کہ وزرا شام تک دفاتر میں بیٹھیں ۔وزرا خود بھی کام کریں اور جو بیوروکریٹ سے بھی کا م لیں جو کام نہیں کرتا ا سکی چھٹی کرادینگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر ہال پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ 2018 کے الیکشن صاف اورشفاف ہوئے۔ ہم نے مینڈیٹ کیلئے کوئی روایتی حربہ استعمال کیانہ ہی الیکشن سے قبل فنڈز جاری کئے ۔ اگر کوئی بھی حلقہ کھلوانا چاہتے ہیں تو ہم تیار ہیں۔مہمند ڈیم کیلئے بھی پیسے اکھٹے کر رہے ہیں جس سے پشاورمیں پانی کا مسئلہ حل ہو جائے گا ۔سرکاری ہسپتالوں کو نجی ہسپتالوں کے برابر لانا ہے ۔ پشاور کو ٹوررازم کا مرکز بنا دیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کی ایمانداری پر پورا یقین ہے۔ وہ سادہ اورسچے انسان ہیں۔ یقین ہے کہ وہ کسی کے دباوٴ میں نہیں آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں فارورڈ بلاک بننے اور حکومت گرنے کا کوئی خطرہ نہیں ہے ۔