لاہور(خبر ایجنسیاں )قومی احتساب بیورو (نیب) نے پنجاب کے سابق وزیر قانون اور (ن) لیگ کے رہنما رانا ثناءاللہ کے خلاف بھی جانچ پڑتال شروع کردی ہے۔ ترجمان نیب کے مطابق رکن قومی اسمبلی رانا ثناءاللہ پر فیصل آباد انڈر پاس کا نقشہ بدل کرمن پسند افراد کو کروڑوں روپے فائدہ پہنچانے کے الزام پر تحقیقات شروع کی گئی ہیں ترجمان نیب کا کہنا ہےکہ رانا ثناءاللہ کے خلاف نیب میں درخواست دائر ہونے پر جانچ پڑتال کا آغاز کیا گیا۔یادرہے کہ ن لیگ کے متعدد رہنماؤں کونیب کی جانب سے مختلف انکوائریوں کا سامنا ہے، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف آشیانہ ہاوسنگ سکینڈل میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں،حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔اسی طرح خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کرپشن کیس میں نیب کی زیرحراست ہیں جبکہ ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے اور نیب نے ان کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کر رکھا ہے۔