عوامی لیگ کے غنڈوں کااپوزیشن قافلے پر حملہ۔12زخمی

ڈھاکہ(امت نیوز) بنگلہ دیش میں عوامی لیگ کے غنڈوں نے اپوزیشن اتحاد کے قافلے پر پھر حملہ کر کے 12 کارکنوں کو زخمی کر دیا۔الیکشن سے 2 ہفتے قبل عوامی لیگ کی دہشت گردی سے بنگلہ دیش میں کشیدگی میں اضافہ ہو گیا۔ بھارت نواز حسینہ واجد تیسری بار وزیراعظم بننے کے لئے دوبارہ دھونس دھاندلی کے تمام طریقے اختیار کر رہی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق جمعہ کو اپوزیشن اتحاد کے رہنما 82 سالہ کمال حسین کا قافلہ ایک تقریب کے بعد ڈھاکہ جا رہا تھا کہ عوامی لیگ کے کارکنوں نے اسے روک کر لاٹھیوں سے حملہ اور پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں بی این پی سمیت دیگر جماعتوں کے12 کارکن زخمی ہو گئے تاہم کمال حسین محفوظ رہے۔عوامی لیگ کے غنڈوں نے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ بنگلہ دیشی پولیس بھی جانب داری سے کام لے رہی ہے۔ ڈھاکہ پولیس نے حملےکا مقدمہ عوامی لیگ کے خلاف درج کرنے سے انکار کیا ہے۔اپوزیشن کے ترجمان لطیف باری نے حملے کی تصدیق کی ہے۔خالدہ ضیا کوبے بنیاد الزامات پرجیل بھجوانے اور الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی پر بی این پی نے چھوٹی جماعتوں سے مل کر اتحاد قائم کیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment