ڈیفنس سےاسلحہ۔منشیات کاذخیرہ برآمد۔ملزم گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈیفنس میں پولیس اور خفیہ ایجنسی کی مشترکہ کارروائی میں بڑے ڈرگ ڈیلر کے بھائی کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ اور منشیات سمیت منشیات بنانے کا سامان برآمد کرلیا گیا ، جبکہ ڈیلر عبدالرحمان فرار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او گذری انسپکٹر اسد اور پولیس پارٹی نے خفیہ ایجنسی کی معاونت سے ڈیفنس فیز 4کے بنگلے پر کارروائی کرکے 2 کلاشنکوف، ایک ریپیٹر، ایک ایم پی فائیو، 2 تیس بور پستول، ایک نائن ایم ایم پستول،8 میگزین، ایس ایم جی کی 377 گولیاں، 54 کارتوس اور مختلف اقسام کی 74گولیاں برآمد کر لیں، جبکہ قیمتی الکوحل کی 3 بوتلیں، آئس بنانے کا سامان، قیمتی لائٹرز، وزن کرنےکی مشین، حشیش کیلئے چلم، 2.32گرام آئس ایم ڈی ایم اے پاؤڈر 1.24گرام، ہیروئن براؤن پاؤڈر 4.18 گرام،کریک پائپز اور آئس میں استعمال ہونے والی بوتلیں برآمد کر لیں۔ ایس پی کلفٹن نے بتایا کہ بنگلے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور منشیات ملی ہے۔ دوسری جانب اسلحہ و منشیات کیخلاف مہم کے دوران ایس ایس پی ساؤتھ اور ایس پی کلفٹن کی نگرانی میں کلفٹن پولیس نے 62 پستول، ایک کلاشنکوف، 2 رائفلیں،263 راؤنڈ، 34157 گرام چرس،41 بوتل شراب،46 حقہ شیشہ، 18موبائل فونز اور 14لیپ ٹاپ گرفتار ملزمان سے برآمد کر لئے ، جبکہ 101 مفرور و اشتہاری ملزمان گرفتار کئے گئے۔ نیز کلفٹن اور ڈیفنس میں ون ویلنگ پر بھی قابو پالیا گیا ہے، جبکہ تاحال 63 ون ویلرز کو گرفتار کرکے اصلاح کے بعد چھوڑا گیا۔

Comments (0)
Add Comment