عابد شیرفیصل واوڈا کی لندن میں دوسری جائیداد منظرعام پر لے آئے

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنماعابد شیر علی نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل کی لندن میں ایک اور جائیداد منظرعام پر لاتے ہوئے ایک مرتبہ پھر چیف جسٹس اور چیئرمین نیب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ۔ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں عابد شیر علی نے کہا کہ میں آج سے چند روز پہلے لندن کے ہائیڈ پارک میں فیصل واؤڈا کی ایک پراپرٹی عوام کے سامنے لایا تھا اور اب ایک اور پراپرٹی منظرعام پر لا رہا ہوں، جو لندن کے مہنگے ترین علاقے کواڈرینگل میں واقع ہے اور یہاں ایک ایک اپارٹمنٹ کی قیمت تقریباً پانچ سے چھ ملین پاؤنڈ کے قریب ہے۔انہوں نے ویڈیو میں فیصل واؤڈا کی پراپرٹی دکھاتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں پر رہتے ہیں، میں پہلی پراپرٹی سامنے لانے پر فیصل واؤڈا کی جانب سے قانونی نوٹس کا انتظار کر رہا تھا ،لیکن وہ نہیں ملا۔عابد شیر علی نے کہا کہ فیصل واؤڈاکی جماعت تحریک انصاف نے ہی کہا تھا کہ قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں گے تو یہ بتائیں کہ پیسے کہاں سے آئے۔یہ شخص دس سال پہلے موٹر سائیکل پر پھرتا تھا مگر آج ارب پتی ہے۔ دریں اثنا فیصل واؤڈا نے میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ عابد شیر علی سستی شہرت کیلئے ایسے بیانات دے رہے ہیں اور ان کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عابد شیر علی بکنگھم پیلس کے سامنے کھڑے ہوکر بھی دعویٰ کرسکتے ہیں کہ یہ میرا ہے۔ انہوں نے عابد شیر علی کو اپنے دعوے کے ثبوت لانے کا چیلنج بھی دیدیا۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ عابد شیر جیسے لوگوں کا علاج نہ صرف جانتے ہیں بلکہ کر کے بھی دکھائیں گے۔

Comments (0)
Add Comment