کرپٹ اور بد دیانت مافیا نے قومی ادارے تباہ کردیئے-سراج الحق

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کرپٹ اور بد دیانت مافیا نے قومی ادارے تباہ کردیئے،بے لاگ احتساب ہونے تک ملک سے بد عنوانی کا خاتمہ ممکن نہیں، وزیراعظم مدینہ کی ریاست بناتے بناتے اب فلاحی ریاست کا نعرہ لیکر آئے ہیں،فلاحی ریاست میں سہولتیں دی جاتی ہیں، لیکن یہاں عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسا جارہاہے ، تجاوزات کے نام پر لوگوں سے روزگار چھینا جارہاہے ،مقروض قوم پر قرضوں کا مزیدبوجھ لادا جارہاہے۔لاہور میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ پانامہ لیکس کے 436 ملزمان کو تاحال طلب نہیں کیا گیا ،قومی دولت بیرون ملک لے جا نیوالے دندناتے پھررہے ہیں،حکومت کہتی ہے کہ کئی ملکوں میں بے نامی جائیدادوں کا ڈیٹا ملا ہے،مگر کسی ملک سے وصولی یاجائیداد ضبطی کا کوئی ذکر نہیں ۔انہوں نے کہا کہ نیب کے پاس 150میگا کرپشن اسکینڈلز کی فائلیں موجود ہیں مگر کوئی کاروائی نہیں ہورہی۔ انہوں نے کہاکہ قیمتی زر مبادلہ درآمدات کی نذر ہو جاتا ہے ، برآمدات نہ ہونے کے برابر ہیں،سرمایہ دار اپنا سرمایہ نکال رہے ہیں ،جس کی ذمے دار حکومت کی ناقص پالیسیاں ہیں۔

Comments (0)
Add Comment