پشاور(امت نیوز) پشاور میوزیم کا1500کلوگرام وزنی اور 9 فٹ لمبا کولوسل بدھا کا مجسمہ سوئٹزرلینڈ کے زیورخ میوزیم میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔بدھ مت کے پیروکار مجسمے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ سوئٹزرلینڈ اور حکومت پاکستان کے درمیان آرکیالوجی کے شعبے میں باقاعدہ طور پر ایک معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت کولوسل کا یہ مجسمہ 2 ارب 60 کروڑ روپے انشورنس کے عوض 3 مہینوں کے لئے سوئٹزرلینڈ حکو مت کو دیا گیا ہے مجسمہ لینے کے لئے جرمنی سے باقاعدہ طور پر ماہرین کی ایک ٹیم آئی تھی۔ماہرین کی ٹیم نے ایک ہفتے کی پیکنگ کے بعد اسے سوئٹزرلینڈ پہنچادیا ہے۔ یہ مجسمہ 1909 میں مردان کے علاقے سری بہلول سے دریافت ہوا تھا۔مجسمہ بدھ مت آرٹ نمائش میں بدھ مت کے پیروکاروں کی توجہ کا مرکز ہے۔نمائش میں پوری دنیا سے بدھ مت کے آرٹ رکھے گئے ہیں۔جسے دیکھنے کے لئے چین،جاپان اور کوریا سمیت دیگر ممالک سے بدھ مت کے پیروکار آئے ہیں۔نمائش میں خیبر پختون کے سینئر وزیر برائے آرکیالوجی،سیاحت،ثقافت،کھیل وامور نوجوانان عاطف خان پاکستان کی نمائندگی کررہا ہے۔ سیکرٹری آرکیالوجی وسیاحت شاہد زمان بھی سینئر وزیر کے ہمراہ ہے۔سینئر وزیر عاطف خان کا کہنا ہے کہ مجسمے کا سوئٹزرلینڈ میوزیم میں نمائش مذہبی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔موجودہ صوبائی اور وفاقی دونوں حکومتیں سیاحت کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے اور یہ اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔سینئر وزیر نے نمائش کے موقع پر چین,جاپان اور کوریا سے آئے ہوئے وفود کیساتھ بھی ملاقات کی اور انہیں خیبر پختونخوا میں بدھ مت کے آثار قدیمہ کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔سینئر وزیر نے انہیں خیبر پختونخوا آنے کی دعوت بھی دی۔سینئر وزیر نے نمائش میں شریک وفود کو خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے حوالے سے اٹھائے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔