ہری پور/خان پور(نمائندگان امت) گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ہری پور کے باہر ہوٹل پر دو طلبہ گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں چھریاں لگنے سے ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شاہ زیب ولد گلزار نامی نوجوان ڈگری کالج کے دوستوں کے ہمراہ کالج گیا جہاں دیگر طلبہ کے ساتھ مل کر دوسرے گروپ کے طلبہ کے ساتھ معمولی تلخ کلامی کے بعد جھگڑا ہوا جس سے چھریاں لگنے سے نوجوان شاہ زیب موقع پر جاں بحق دیگر چار ساتھی ذاکر ولد چنگیز سکنہ نور کالونی،ناصر ولد محمد اشرف ،نعمان ولد حبیب ساکنان ٹی آئی پی اور منان ولدافسر سکنہ یونیورسٹی روڈ زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے ہری پور ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ دو گروپوں میں تصادم کی وجہ کامسیٹس یونیورسٹی کا سٹوڈنٹ عبداللہ تھا جس کو بوائز ڈگری کالج کے طلباء تنگ کرتے تھے جاں بحق ہونے والے ڈگری کالج بوائز کا طالب علم نہیں تھا بلکہ آؤٹ سائیڈر تھا جو کہ فرسٹ ایئر کے دوستوں کے ہمراہ کالج آگیا تھا۔ پولیس اطلاع ملتے ہی بھاری نفری کے ہمراہ کالج پہنچ گئی جہاں دیگر طلباء کو بھی منتشر کیا۔لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد تدفین کے لیے ورثاء کے حوالہ کر دیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق مقتول شاہ زیب کے والد گلزار خان کو بھی بیٹے کی لاش دیکھ کر دل کا دورہ پڑ گیاے جس کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ ملزمان میں شان عرف شانہ سکنہ پنڈوری ،عثمان ابرار کالونی،عدنان سکنہ سریا اور وقاص سکنہ سری بتائے جاتے ہیں۔ پولیس نے ابتدائی رپورٹ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔