سینٹرل جیل۔ملحقہ آبادی میں لئی گھنٹے تک سرچ آپریشن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی سینٹرل جیل اور جوینائل جیل کا سرچ آپریشن کیا، آپریش کالعدم تنظیم کے قیدیوں کے بیرکوں کے ساتھ ساتھ اطراف میں قائم آبادی میں بھی کیا گیا، سینٹرل جیل میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کی بیرکوں کی خصوصی تلاشی لی گئی ہے ، آپریشن کئی گھنٹوں تک جاری رہا، تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاعات کی روشنی میں کراچی سینٹرل جیل اور اس سے متصل جوینائل جیل میں سرچ آپریشن کیا، جبکہ اہلکاروں نے سینٹرل جیل سے متصل غوثیہ کالونی میں واقع گھروں کی بھی تلاشی لی اور مکینوں کی کوائف جمع کیے، سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کے بیرکوں کی خصوصی تلاشی لی گئی اور قیدیوں سے مختلف قسم کی معلومات بھی حاصل کی گئیں، اس دوران قیدیوں کی ان کے اہلخانہ سے ملاقات پر بھی پابندی رہی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران قیدیوں سے ممنوعہ اشیا بھی ملنے کی اطلاعات ہیں۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جیل سے متصل غوثیہ کالونی میں سرچ آپریشن کیا۔ اس آپریشن کے دوران 75 سے زائد گھروں کی تلاشی لی گئی جبکہ 100 سے زائد افراد کے کوائف چیک کیے گئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جن افراد کے کوائف کی جانچ پڑتال کی گئی تھی ان میں سے کچھ افراد کے کوائف کی تصدیق نہ ہوسکی تھی ، جس پر تحقیقات جاری ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران کچھ مشکوک چیزیں بھی برآمد ہوئی ہیں جن میں ڈیوائسز شامل ہیں تاہم وہ کس طرح کی ڈیوائس ہیں اسکی تصدیق نہیں ہوسکی، کراچی سینٹرل جیل میں سنگین ترین واقعات میں ملوث سزا یافتہ قیدی بھی شامل ہیں ، واضح رہے کہ پچھلے سال سینٹرل جیل کراچی سے کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے جن کا تا حال معلوم نہیں ہوسکا ہے اور انکے فرار ہونے کے بعد جیل میں گزشتہ سال جون میں اسی طرز کا آپریشن کیا گیا تھا جو کہ 12 گھنٹوں تک جاری رہا تھا، اس آپریشن میں بھاری مقدار میں منشیات کے ساتھ ساتھ جیل کی بیرکوں سے لیپ ٹاپ اور موبائل فون بھی برآمد کیے گئے تھے، جیل میں موبائل سگنلز کی روک تھام کے لیے جیمر لگے ہوئے ہیں تاہم کچھ مجرموں کے پاس سے ایسی ڈیوائسز بھی برآمد ہوئیں جو کہ جیمر کو ناکارہ کردیتی ہیں، سینٹرل جیل سے ملحقہ غوثیہ کالونی میں ماضی میں ایسی سرنگ کا بھی انکشاف ہوا تھا جو دہشتگردوں نے جیل پر حملے اور اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کے لیے بنائی تھی جس منصوبے کو ناکام بنادیا گیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment