لاہور(خبر نگار خصوصی) پاکستان اسپورٹس بورڈ(پی ایس بی) انتظامیہ کی جانب سے قواعد و ضوابط کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے یونین کے چیئرمین کو نوازنے کے لیے 30 ماہ کے مختصر عرصے کے دوران تین مرتبہ ترقی دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ پی ایس بی انتظامیہ کی ملی بھگت سے یونین کے چیئرمین غلام رسول کو 30 ماہ کے دوران گریڈ 10 سے گریڈ 15 میں ترقی دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پی ایس بی انتظامیہ نے پہلی مرتبہ 22 جنوری 2009 کو پی ایس بی ایمپلائیز یونین سےمعاہدےکےتحت 71ملازمین کو ترقیاں دی گئیں۔ اس وقت بطور کارپینٹر گریڈ10 میں کام کر رہے غلام رسول کو بھی ترقی دیتے ہوئے گریڈ 12 دے دیا گیا۔ اس کے 20 ماہ بعد 7ستمبر 2010ایک مرتبہ پھر پی ایس بی حکام نے غلام رسول کو ترقی دیتے ہوئے گریڈ 14 میں فورمین جی ون (وڈ ورکر) تعینات کر دیا۔ اس ترقی کے صرف 9ماہ بعد غلام رسول کو تیسری مرتبہ ترقی دینے کے لیے فورمین جی ون (وڈ ورکر) کی گریڈ 14 کی پوسٹ کو اپ گریڈ کرتے ہوئے گریڈ 15 کی پوسٹ بنا دیا گیا اور غلام رسول کو ایک گریڈ ترقی دے کر اس پوسٹ پر تعینات کر دیا گیا۔ یوں یونین چیئرمین غلام رسول پی ایس بی انتظامیہ کی ملی بھگت سے 30 ماہ کی مختصر مدت میں تین مرتبہ ترقی پاتے ہوئے گریڈ10 سے گریڈ15 میں پہنچ گئے۔ حالانکہ پی ایس بی کے درجنوں ملازمین گزشتہ کئی برسوں سے ترقیوں کے متنظر ہیں، لیکن پی ایس بی انتظامیہ نے انہیں جائز ترقیوں سے بھی محروم رکھا ہوا ہے۔