آئی جی کی زیر صدارت ویڈیو کانفرنس-اہم ایام پرانٹی جنسی پلان کی ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام کی زیر صدارت امن عامہ پرسینٹرل پولیس آفس میں اعلیٰ سطح کا ویڈیو کانفرنس اجلاس ہوا۔ جس سے خطاب میں آئی جی نے کہا کہ جرائم کیخلاف جنگ جاری رہے گی اور اس میں کامیابی کیلئے کمانڈ و لیڈر شپ کو پیشہ وارانہ تجربے اور صلاحیت کے مطابق یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشنل اور انویسٹی گیشن اقدامات کو مزید بہتر کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس کے مالیاتی امور کو درست اور مزید شفاف بنانے کے حوالے سے تمام اقدامات کو غیر معمولی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایات دیں کہ صوبے بھر میں ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کی تعیناتیوں کی مدت کم از کم ایک سال مقرر کی جائے، بدعنوانی یا اختیارات سے تجاوز برداشت نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اضلاع میں دستیاب اور درکار افرادی قوت کا تفصیلی جائزہ لیکر قواعد کے مطابق ریکروٹمنٹ کاجلد آغاز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال آنیوالے اہم ایونٹس میں قائد اعظم ڈے، کرسمس، یوم شہادت بینظیر بھٹو و سال نو پر سیکورٹی اقدامات کیلئے کنٹی جینسی پلان بنائے جائیں۔ ویڈیو لنک اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی، ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور اے آئی جیز نےشرکت کی۔ ادھر صوبائی ہفتہ وار کمیونٹی پولیسنگ مہم کے دوران ڈی آئی جی شہید بینظیرآباد مظہر نواز شیخ اور ایس ایس پی شہیدبینظیرآباد تنویر تنہیو کمیونٹی پولیسنگ اور عوام دوست ماحول کو تقویت دینے کے اقدامات میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے آفیسر آف دی ویک کا اعزاز پایا ہے۔جس پر آئی جی سندھ نے دونوں افسران کو ایک ایک لاکھ روپے نقد اور تعریفی سندھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یکم تا 7 دسمبر کے دوران سندھ بھر میں407کھلی کچہریاں لگائی گئیں اور3270 میں سے 2842چ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کیا گیا،898کوشوکاز نوٹس دیئے گئے ،فونز پر براہ راست1721شکایات میں سے962کا ازالہ کیا گیا192امن کمیٹیوں پر3484شرکا سے ملاقات کی گئی، نیبرہڈواچ کی اہمیت اور افادیت سے متعلق 140 سیمینارز و لیکچرز میں8928 افراد نے شرکت کی۔۔ رپورٹ کے مطابق کمیونٹی پولیسنگ میں دوسری پوزیشن حیدرآباد، تیسری پوزیشن لاڑکانہ، چوتھی کراچی شرقی، پانچویں کراچی غربی جبکہ چھٹی ساتویں اور آٹھویں پوزیشن باالترتیب میرپورخاص،سکھراور کراچی جنوبی نے حاصل کی۔

Comments (0)
Add Comment