اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار حسین لوائی کو اڈیالہ جیل راولپنڈی سے دوبارہ کراچی منتقل کرنے کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔ جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار حسین لوائی کی جانب سے ان کے وکیل نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حسین لوائی کی عمر 73 برس اور کراچی کے رہائشی ہیں، حسین لوائی کی اہلیہ صابرہ بی بی بھی بزرگ اور علیل خاتون ہے، انہیں بھولنے کا عارضہ بھی ہے، اس لئے وہ اپنے شوہر سے ملنے کراچی سے راولپنڈی نہیں جا سکتی۔ حسین لوائی کو تحقیقات کے لیے کراچی سے اڈیالہ جیل راولپنڈی منتقل کیا گیا، جے آئی ٹی اپنی تحقیقات مکمل کر چکی ہے۔ اس لئے عدالت سے درخواست ہے کہ حسین لوائی کو دوبارہ کراچی منتقل کیا جائے۔واضح رہے کہ 17 نومبر کو سپریم کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ سے متعلق کیس میں حکم دیا تھا کہ حسین لوائی کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے جب کہ جے آئی ٹی 10 دن میں رپورٹ مکمل کر کے سپریم کورٹ میں پیش کرے۔ 30 نومبر کو حسین لوائی اور عبدالغنی مجید کو اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا۔